نئی دہلی، 3 ؍اکتوبر(ایس او نیوز ؍آئی این ایس انڈیا )قومی دارالحکومت میں اس سیشن میں کم از کم 5293لوگ چکن گنیا سے متاثرپائے گئے ہیں اور صرف گزشتہ ایک ہفتے میں اس بیماری کے درج معاملوں کی تعداد میں 43فیصد سے زیادہ کااضافہ ہوا ہے۔میونسپل کارپوریشن کی طرف سے آج ایک رپورٹ میں کہا گیا کہ یکم اکتوبر تک درج کل معاملوں میں سے 500 سے زیادہ معاملے شمالی دہلی میونسپل کارپوریشن کے (این ڈی ایم سی)میں درج کئے گئے ہیں۔جنوبی دہلی میونسپل کارپوریشن(ایس ڈی ایم سی)کے مطابق، 24؍ستمبر تک تقریبا 3700معاملے درج ہوئے۔یہ میونسپل کارپوریشن یہاں سبھی میونسپل کارپوریشنوں کی جانب سے قومی دارالحکومت میں اس بیماری کے معاملات کا ڈاٹا جمع کرتا ہے۔تینوں میونسپل کارپوریشنوں میں سے اس سیشن میں 515معاملے این ڈی ایم سی، 498معاملے ایس ڈی ایم سی اور 172معاملے (ای ڈی ایم سی )علاقے میں درج ہوئے۔شہر کے مختلف اسپتا لوں میں اس بیماری سے پیدا ہوئی پیچیدگیوں کی وجہ سے کم از کم 15لوگوں کی موت ہوئی ہے لیکن میونسپل کارپوریشن نے موت کے اعداد و شمار صفر دکھایاہے ۔دہلی اور شمالی ہندوستان کے دوسرے حصے تقریبا 10 سال بعد چکن گنیا کے معاملات میں اضافہ کا سامنا کر رہے ہیں۔غور طلب ہے کہ 2006میں چکن گنیا کے 13لاکھ سے زائد مشتبہ معاملے سامنے آئے تھے۔